پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کے شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف طے شدہ ون ڈے سیریز کو ٹی20 میں تبدیل کرنے پر بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 3 ٹی20 میچز کا مجوزہ شیڈول بھجوا دیا ہے، جس کے مطابق یہ میچز 20، 22 اور 24 جولائی کو ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے۔ادھر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز سے متعلق بات چیت بھی جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ ویسٹ انڈیز کو تجویز دی ہے کہ مجوزہ 3 ون ڈے میچز کو ٹی20 فارمیٹ میں تبدیل کر دیا جائے تاکہ ٹیم ٹی20 ورلڈکپ اور ایشیا کپ کی تیاری پر توجہ مرکوز رکھ سکے۔ذرائع کے مطابق اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو ٹی20 سیریز 5 یا 6 میچز پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ دونوں بورڈز میں اس حوالے سے بات چیت جاری ہے اور پی سی بی کو امید ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز جلد حامی بھر لے گا۔فی الحال پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آغاز 31 جولائی سے متوقع ہے، جس میں ابتدائی طور پر 3 ٹی20 میچز امریکا میں اور 3 ون ڈے میچز ویسٹ انڈیز میں شیڈول تھے۔یہ سیریز پاکستان ٹیم کے لیے اہم ہو گی کیونکہ اس کے بعد ٹی20 فارمیٹ میں ایشیا کپ اور پھر سال کے اختتام پر آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ شیڈول ہے۔