خواتین زندگی مثالی شریکِ حیات کے انتظار میں نہ گزاریں: درفشاں سلیم

خواتین اپنی طاقت خود بنیں اور محبت کیلئے دل کے دروازے بھی کھلے رکھیں، صحیح شخص خود آپ تک پہنچ جائے گا،اداکارہ
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ درفشاں سلیم نے خواتین کو مالی خود مختاری اور خود انحصاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خواتین کو اپنی زندگی کسی مثالی شریکِ حیات کے انتظار میں نہیں گزارنی چاہیے۔ درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خواتین کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی طاقت خود بنیں اور محبت کے لیے دل کے دروازے بھی کھلے رکھیں۔اداکارہ نے لکھا ہے کہ خواتین خود اپنی روشنی بنیں، صحیح شخص خود آپ تک پہنچ جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ خواتین مالی طور پر خود مختار بنیں اور اپنی زندگی اس امید پر نہ گزاریں کہ ایک دن آپ کو مثالی شریکِ حیات مل جائے گا، محبت خوبصورت ہے، لیکن اپنے پیروں پر خود کھڑے ہونے کا تحفظ بھی اتنا ہی اہم ہے۔