مریم نواز کا ستھرا پنجاب میں ناقص کارکردگی والی کمپنیوں کو فارغ کرنے کا حکم

 کنٹریکٹرز کے ذمہ واجبات کی سزا  ورکرز کو دینے کی اجازت نہیں دینگے،ستھرا پنجاب کے ورکرزکو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے قانونی راستہ نکالا جائے
وزیراعلی کی صوبے بھر میں ستھرا پنجاب بیٹ سسٹم نافذ کرنے کیلئے سات دن کی ڈیڈ لائن، ورکرزکی تعداد اور مشینری پوری کرنے کا ہدف بھی دے دیا
 لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں صفائی کیلئے جامع مائیکرو پلان طلب کر لیا اور اگلے ہفتے تک صوبہ بھر میں ستھرا پنجاب کی مکمل پراگریس رپورٹ مانگ لی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مکمل جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک ہفتے کے اندر ستھرا پنجاب کے ورکرز اور مشینری پوری کرنے کا ہدف دے دیا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کیلئے خصوصی ایپ متعارف کرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ستھرا پنجاب کی نادہندہ کمپنی سے ورکرز کے واجبات ریکور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کام نہ کرنے والی کمپنیوں کو فارغ کرنے کا حکم دیا اور ناکارہ پرائیویٹ کمپنیوں کو فارغ کرکے ایک ہفتے میں سیلف آپریشن فعال کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ویسٹ کلیکشن اینڈ ٹرانسپورٹ فلو سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں کم از کم متبادل ایام میں صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور دیہات میں صفائی کرنے اور کچرے کے ڈھیر اٹھانے کا حکم دیا۔ ا س موقع پر پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب بیٹ سسٹم نافذ کرنے کیلئے سات دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر تحصیل میں 80 فیصد سے کم کارکردگی پر ستھرا پنجاب کمپنیوں کو وارننگ اور 50 فیصد سے کم پر فارغ کرنے کا حکم دیا اور ستھرا پنجاب کے ورکرز کو واجبات کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر تحصیل میں ستھرا پنجاب ہیومن ریسورس، بیٹ مشینری اور فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز ہفتہ وار تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کنٹریکٹرز کے ذمہ واجبات کی سزا ستھرا پنجاب کی ورکرز کو دینے کی اجازت نہیں دینگے۔ ستھرا پنجاب کے ورکرزکو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے قانونی راستہ نکالا جائے۔