جوڈیشل کمیشن اجلاس‘ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کی مدت میں ایک سال توسیع

اسلام آباد ( آن لائن)جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچ کی ایک سال کیلئے توسیع کردی۔چیف جسٹس یحئی آفریدی کی سربراہی میں منگل کو ہونے والے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے بطور ممبر جوڈیشل کمیشن پہلی بار شرکت کی جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء￿  اللہ بھی بطور ممبر شریک ہوئے ۔اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بنچز کی مدت میں توسیع کا معاملہ زیر بحث   آیا، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ آئینی بینچ کی ایک سال کیلئے توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بنچز کی مدت 25 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔جوڈیشل کمیشن نے احسن بھون کی ڈگری کے اصلی ہونے کی تصدیق کردی، کیپٹن صفدر نے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس پاکستان کو احسن بھون کی ڈگریوں کے حوالے سے درخواست بھیجی تھی جس میں انہوں نے احسن بھون کی ڈگری پر اعتراض اٹھایا تھا۔چیف جسٹس نے درخواست پر کمیشن کے رکن احسن بھون کی ڈگریوں کی تصدیق کرائی، جوڈیشل کمیشن نے احسن بھون کی ڈگری اصلی ہونے کی تصدیق کردی۔