ٹریفک حادثات، 3افراد جاں بحق، 2زخمی

 لوڈر رکشہ ٹرالر سے ٹکرا یا، عثمان ، ارسلان چل بسے،ماڈل ٹائون انڈر پاس سے موٹر سائیکل ٹکراگئی،عدیل دم توڑ گیا 
لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں دو المناک ٹریفک حادثات کے دوران 3افراد جاں بحق،2زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ سگیاں ٹول پلازہ کے قریب راوی پل پرتیز رفتار لوڈر رکشہ بے قابو ہوکر سڑک پر کھڑے ٹرالر سے جا ٹکرا یا، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار عثمان اور ارسلان دم توڑ گئے جبکہ لوڈر رکشہ کا ڈرائیور محفوظ رہا۔ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث لوڈر رکشے اور ٹرالر کو ڈرائیور سمیت متعلقہ تھانے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب کلمہ چوک کے قریب فیروز پور روڈ پر ماڈل ٹائون انڈر پاس کے داخلی پلر سے موٹرسائیکل ٹکرانے پر ایک نوجوان عدیل عرف بلا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے 2 دوست زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر سوار تینوں دوست فیروز پور روڈ سے ماڈل ٹائون کی جانب رات کا کھانا کھانے جارہے تھے کہ اندھیرے اور تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل ماڈل ٹائون انڈر پاس کے داخلی پلر سے ٹکرا گئی، موٹرسائیکل چلانے والا نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا ،متوفی اچھرہ کا رہائشی تھا۔ دیگر زخمی 2 نوجوانوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ لاش مردہ خانے منتقل کردی گئی۔