نئے کنکشنز التوا کا شکار، خراب میٹرز بھی تبدیل نہ ہوسکے،تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ، صارفین خوار
لاہور (کرائم رپورٹر )لیسکو میں سنگل فیز میٹرز کی شدید قلت، صارفین خوار،نئے کنکشنز التوا کا شکار، خراب میٹرز بھی تبدیل نہ ہوسکے۔لیسکو ذرائع کے مطابق سب ڈویڑنز کو سنگل فیز نیو کنکشنز کیلئے سٹیٹک میٹر 19 اگست تک جاری کئے گئے،اسکے بعد تاحال میٹرز جاری نہ ہوسکے سینکڑوں صارفین نے ڈیمانڈ نوٹس جمع کرائے، تنصیب تاحال نہ ہوسکی، لیسکو ریجن میں خراب سنگل فیز میٹرز کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی، خراب میٹرز تبدیل نہ ہونے سے بلنگ کے مسائل بڑھ گئے، تاخیر پر لیسکو دفاتر میں شکایات اور درخواستوں کا انبار لگ گیا۔لیسکو انتظامیہ نے سنگل فیز سٹیٹک میٹرز کے بجائے اے ایم آئی میٹرز لگانے کا فیصلہ کیا، اے ایم آئی میٹرز کی نجی کمپنیوں سے خریداری کیلئے این او سی دینے کی ہدایت کی گئی جبکہ فیلڈ افسر این او سی اور نئے میٹرز کی فراہمی معاملے پر تاحال تذبذب کا شکار ہیں۔اے ایم آئی میٹرز سے چوری اور ریڈنگ مسائل میں کمی آئے گی، وزارت پاور ڈویڑن نیتمام تقسیم کار کمپنیوں کو فوری سٹیٹک میٹرز بند کرنے کی ہدایت کی جس پر بغیر کسی پلاننگ کے میٹرز بند کردیئے گئے۔صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ میٹرز کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔