لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کاربن کنٹرول اور ٹریفک مسائل حل کیلئے اہم تجویز پیش کردی کہ قریبی شہروں کو ای بس سروس اور میٹرو ٹرین سے منسلک کیا جائے۔ روزانہ 8 سے 10 لاکھ گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں شہر میں داخل ہوتی ہیں جبکہ 4 سے 5 لاکھ گاڑیاں شہر سے باہر جاتی ہیں جس سے سموگ، ٹریفک جام اور حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔سی ٹی او نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر حادثات کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز دی ہے کہ پہلے مرحلے میں لاہور سے قصور، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کیلئے ای بس سروس کا آغاز کیا جائے ، دوسرے مرحلے میں ان شہروں کو انٹرسٹی ٹرین نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے۔اس منصوبے سے نا صرف شہریوں کے وقت کی بچت ہو گی بلکہ اخراجات میں بھی کمی آئیگی۔ سی ٹی اونے اس تجویز کو کمشنر کو مراسلہ کے ذریعے ارسال کر دیا تاکہ اس پر جلد عملدرآمد کیا جا سکے۔