دہلی: ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ایک منفرد ریکارڈ قائم ہوگیا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 518 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کی۔بھارت کی ٹیم نے 134.2 اوورز بیٹنگ کی، مگر حیران کن طور پر اس دوران ایک بھی ’بائے‘ یا ’لیگ بائے‘ کا رن نہیں بنا۔یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں صرف دوسرا موقع ہے جب کسی ٹیم نے 500 سے زائد رنز بنائے ہوں اور ایک بھی بائے یا لیگ بائے اسکور میں شامل نہ ہو۔اس سے قبل 2018 میں بنگلادیش نے سری لنکا کے خلاف 513 رنز بنائے تھے، جس میں کوئی بائے یا لیگ بائے شامل نہیں تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویسٹ انڈین بولرز نے ایک بھی نو بال نہیں کروائی، اور بھارت کے مجموعی 518 رنز میں صرف دو رنز ایکسٹرا کے طور پر شامل تھے، جو وائیڈ بالز سے آئے۔یہ ریکارڈ دونوں ٹیموں کے انتہائی نظم و ضبط، درستگی اور شاندار تکنیکی کارکردگی کا عکاس ہے، جو ٹیسٹ کرکٹ میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔