ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست، شہریوں پر کتوں کے حملوں کا معاملہ اٹھایا گیا
پنجاب حکومت، ہیلتھ اور لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر فریقین سے تین نومبر تک جواب طلب
لاہور (زیڈ این این)لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں آوارہ کتوں کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین نومبر تک جواب طلب کرلیا۔جسٹس خالد اسحاق نے سیکرٹری ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، لیکن پنجاب حکومت نے اب تک ان کی تلفی سے متعلق کوئی واضح پالیسی مرتب نہیں کی۔درخواست میں کہا گیا کہ شہری روزانہ درجنوں کتوں کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ پنجاب حکومت، سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر ذمہ دار اداروں کو مؤثر اقدامات کا پابند بنائے۔