لاہور: الیکٹرک بس میں خاتون مسافر کو دھکا دینے کے واقعے کے بعد خاتون کے مبینہ سابقہ رویے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جبکہ کنڈکٹر کی برطرفی اور سرعام معافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خاتون مسافر ماضی میں بھی بس عملے اور دیگر مسافروں کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کرتی رہی ہیں۔ ان کے نامناسب رویے کے باعث بس میں سوار خواتین اور بچے بھی خوفزدہ ہوتے رہے ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران خاتون سے متعلق تنازعات کی وجہ سے دو بس ملازمین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ رواں سال اپریل میں بھی اسی خاتون کے ساتھ پیش آنے والے تنازع کے نتیجے میں ایک بس ڈرائیور کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ذرائع کی جانب سے خاتون کے رویے اور ممکنہ ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق بھی خدشات ظاہر کیے گئے ہیں، تاہم اس حوالے سے کسی طبی تشخیص یا مستند رپورٹ کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
7 نومبر کو پیش آنے والا واقعہ
الیکٹرک بس میں تازہ واقعہ 7 نومبر کو پیش آیا، جب گرین ٹاؤن سے ریلوے اسٹیشن جانے والی بس میں کنڈکٹر کی جانب سے خاتون مسافر کو دھکا دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔واقعے کی ابتدائی انکوائری میں کنڈکٹر کے طرزِ عمل کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا گیا، جس کے بعد اسے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کنڈکٹر کی جانب سے سرعام معافی مانگنے کی ویڈیو بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی۔
کنڈکٹر کی سرعام معافی پر بھی سوالات
دوسری جانب بس ملازمین نے کنڈکٹر کی برطرفی اور یکطرفہ کارروائی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ملازمت سے برخاست کرنے کے باوجود کنڈکٹر کی معافی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کرنا مناسب نہیں تھا۔بس ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے اور خاتون کے سابقہ رویے سے متعلق سامنے آنے والے دعوؤں کی بھی تحقیقات کی جائیں۔ملازمین کے مطابق کسی بھی کارروائی سے قبل دونوں فریقین کا مؤقف سننا ضروری ہے تاکہ معاملے کے تمام حقائق سامنے آسکیں اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔