اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما ضیاء الرحمٰن کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں مبینہ مالیاتی تضادات اور غیر معمولی اندراجات سامنے آگئے، جن کے حوالے سے مختلف مالی معاملات کی وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ضیاء الرحمٰن کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں سال 2022ء کے دوران اہلیہ کے والد سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے نقد وصول کرنے کا اندراج موجود ہے۔ اس رقم کی وصولی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ یہ رقم کس مد میں اور کس ذریعے سے حاصل کی گئی؟ اس بڑی نقد رقم کی وصولی کا بینکنگ ریکارڈ، تحریری معاہدہ یا کوئی قانونی دستاویز موجود ہے یا نہیں؟رپورٹ میں ظاہر کیے گئے اثاثوں میں 375 کنال وراثتی زرعی اراضی بھی شامل ہے، تاہم اس کی مالیت مسلسل پانچ سال تک صفر درج کیے جانے پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ اس حوالے سے وضاحت طلب کی جا رہی ہے کہ اتنی بڑی اراضی کی کوئی مالی قدر ظاہر نہ کرنے کی کیا وجہ ہے؟اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع دو کنال کے رہائشی گھر کی مالیت 2011ء سے 2025ء تک مسلسل 75 لاکھ 90 ہزار روپے ظاہر کیے جانے پر بھی سوالات سامنے آئے ہیں۔ ایک کنال 8 مرلہ رہائشی زمین کی مالیت بھی 2011-12ء سے 2025ء تک صرف 72 ہزار روپے برقرار رکھی گئی۔ رپورٹ میں اس غیر معمولی مالیت کے تعین کی بنیاد جاننے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل میں ساڑھے تین کنال سے زائد زرعی اراضی کی مالیت صرف ایک لاکھ 80 ہزار روپے ظاہر کی گئی۔ اس زمین کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار اور بنیاد سے متعلق بھی وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں سال 2025ء کے دوران پراپرٹی ایڈوائزر کے کاروبار کا سرمایہ صرف پانچ لاکھ روپے ظاہر کیا گیا، جبکہ کاروباری آمدن 16 لاکھ 50 ہزار روپے درج ہے۔ اس حوالے سے کاروبار کی اصل نوعیت، سرمایہ کاری اور آمدن کے ذرائع سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سال 2024ء میں 66 لاکھ 46 ہزار روپے سے زائد تنخواہ ڈپازٹ کا اندراج بھی موجود ہے۔ اس رقم کے حوالے سے یہ سوالات سامنے آئے ہیں کہ یہ تنخواہ کس ادارے سے، کس ملازمت کے عوض اور کس بینک اکاؤنٹ میں وصول کی گئی؟