مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کے مالیاتی گوشواروں میں مبینہ تضادات، اثاثوں پر سوالات اٹھ گئے

مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود کے مالیاتی گوشواروں میں مبینہ تضادات، اثاثوں پر سوالات اٹھ گئے

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کے مالیاتی گوشواروں اور ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں مبینہ تضادات سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی تنخواہ، جائیدادوں، زرعی زمین کے لیز معاہدے اور اثاثوں میں اضافے سے متعلق متعدد سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسعد محمود کے فارم بی اور انکم ٹیکس ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں درج بعض معلومات ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ دستاویزات میں ان کا پیشہ تدریس ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ 2021ء سے 2023ء کے دوران سالانہ تنخواہ 30 سے 36 لاکھ روپے تک درج کی گئی۔تاہم رپورٹ میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ ان کی ملازمت کس ادارے میں تھی، عہدہ کیا تھا، تقرری کب ہوئی، ملازمت کا معاہدہ موجود ہے یا نہیں اور تنخواہ کس ذریعے سے ادا کی جاتی رہی؟ اس حوالے سے سیلری سلپس اور دیگر دستاویزی ثبوتوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

ملتان کی جائیدادوں کی مالیت میں فرق

رپورٹ میں ملتان میں موجود دو جائیدادوں کی ظاہر کردہ مالیت میں بھی فرق کی نشاندہی کی گئی ہے۔ فارم بی میں ان جائیدادوں کی مالیت بالترتیب 27 لاکھ اور 25 لاکھ روپے درج ہے، جبکہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں یہی مالیت 55 لاکھ اور 70 لاکھ روپے ظاہر کی گئی۔اس فرق کے حوالے سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ دونوں دستاویزات میں جائیدادوں کی مالیت مختلف کیوں ہے اور ان کی ملکیت و قیمت کے تعین کے لیے کون سا معیار اختیار کیا گیا؟

48 مرلہ پلاٹ اور 400 کنال زرعی زمین کا معاملہ

دستاویزات کے مطابق 2025ء سے ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں 48 مرلہ کے رہائشی پلاٹ کی مالیت 30 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ رپورٹ میں اس پلاٹ کے مقام، خریداری کی تاریخ، سابق مالک، ادائیگی کے ذریعے اور رجسٹری و انتقال سے متعلق تفصیلات پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔اسی طرح 2026ء کے ٹیکس گوشوارے میں 400 کنال زرعی زمین کے لیز ایڈوانس کی مد میں 50 لاکھ روپے ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے زمین کے مقام، اصل مالک، لیز کی مدت، رقم کی ادائیگی اور معاہدے کے دستاویزی ثبوت سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔

کرایہ آمدن میں نمایاں فرق

رپورٹ کے مطابق اسعد محمود نے جائیدادوں سے حاصل ہونے والی سالانہ کرایہ آمدن 2024ء میں 3 لاکھ 48 ہزار روپے، 2025ء میں 23 لاکھ 4 ہزار روپے اور 2026ء میں 21 لاکھ 80 ہزار روپے ظاہر کی۔اس آمدن کے تناظر میں جائیدادوں کے مقامات، کرایہ داروں، کرایہ وصولی کے بینک اکاؤنٹس، کرایہ ناموں اور ٹیکس ریکارڈ سے متعلق سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔مزید برآں 2025ء کے گوشوارے میں نعیم حیدر گرمانی کو 30 لاکھ روپے کی ادائیگی کا اندراج بھی رپورٹ میں زیرِ بحث لایا گیا ہے، جس کے مقصد اور نوعیت سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔

اثاثوں میں 79 لاکھ روپے کا اضافہ کیسے ہوا؟

ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے مطابق اسعد محمود کے اثاثوں کی مالیت 2023ء میں 96 لاکھ 24 ہزار روپے تھی، جو 2025ء میں بڑھ کر تقریباً ایک کروڑ 75 لاکھ روپے ہوگئی۔ یوں دو سال کے دوران اثاثوں میں تقریباً 79 لاکھ روپے کا اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ اثاثوں میں اضافے کے ذرائع کیا تھے اور کیا اس حوالے سے آمدن، اخراجات، بینک ریکارڈ اور دیگر مالیاتی دستاویزات دستیاب ہیں؟اس کے علاوہ اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور میں مبینہ طور پر تین گھروں اور مہنگی گاڑیوں کی ملکیت سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں کہ آیا یہ اثاثے گوشواروں میں ظاہر کیے گئے ہیں یا نہیں۔رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسعد محمود گزشتہ چھ سال کے ٹیکس ریٹرنز، ویلتھ اسٹیٹمنٹس اور بینک اسٹیٹمنٹس سمیت اپنی تنخواہ، جائیدادوں، لیز معاہدوں، آمدن اور اخراجات کی تفصیلات پیش کریں تاکہ مالیاتی ریکارڈ میں سامنے آنے والے مبینہ تضادات کی وضاحت ہوسکے۔