بیشتر علاقوں میں آج بارش ، پہاڑوں پر برف باری کا الرٹ

 کاغان میں برفباری جاری، سہوچ اور بٹہ کنڈی سے آگے ٹریفک معطل 
اسلام آباد،ایبٹ آباد (بیورو رپورٹ،خصوصی رپورٹ)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے آج پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش جبکہ بالائی و پہاڑی علاقوں میں برف باری کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کر دی ،تازہ پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری متوقع ہے جس کے باعث سردی کی شدت برقرار رہے گی۔بلوچستان میں خضدار اور لسبیلہ سمیت شمال مشرقی علاقوں،سندھ میں کراچی اور ملیر سمیت جنوبی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پختونخوا، کشمیر،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد ،گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں اکثر مقامات جبکہ وسطی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تاہم دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ علاوہ ازیں پختونخوا اورآزادکشمیر کے چند پہاڑی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے برفباری جاری ہے ،ناران بازار میں اب تک تقریبا 3 انچ جبکہ بٹہ کنڈی، سہوچ اور بیسر کے علاقوں میں 6 انچ سے زائد برف پڑ چکی ، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مشینری سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے جبکہ سہوچ اور بٹہ کنڈی سے آگے ٹریفک کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔