جعلی ادویات کی بڑی کھیپ برآمد ، 3ملزم زیر حراست

 مقدمہ درج،جعلی ادویات کا سپلائی نیٹ ورک کا سراغ لگانے کیلئے تحقیقات جاری 
لاہور(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے رائیونڈ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ادویات کی کھیپ برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں دو مبینہ ڈرگ پڈلرز اور ایک سہولت کار شامل ہیں۔ایف آئی اے لاہور زون کے ترجمان کے مطابق کارروائی میں ڈرگ انسپکٹر علامہ اقبال ٹائون نے بھی ایف آئی اے ٹیم کے ہمراہ حصہ لیا۔ چھاپے کے دوران ایموکسی کیپ 500 کیپسولز کی کھیپ برآمد کی گئی، جو اصل مینوفیکچرنگ کمپنی کی تیار کردہ نہیں تھیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ جعلی ادویات کے اصل مینوفیکچرر اور سپلائی نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد علی ضیا نے کہا ہے کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کی تیاری، ترسیل اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔