ایک ہفتے میں 19اشیا مہنگی

مہنگی ہونیوالی اشیا میں ایل پی جی ،ٹماٹر ، انڈے ، آلو ، لہسن ، چکن، جلانے کی لکڑی ، آٹا ،دال مسور ،بیف شامل 
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)ملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر0.46 فیصد کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 11.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 12 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 9 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی، 23 کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 19 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پٹرول 7.42 فیصد، ڈیزل 6.10 فیصد، پیاز 1.70 فیصد، کیلا 1.03 فیصد، گڑ 0.59 فیصد، چینی 0.43 فیصد، خشک دودھ 0.36 فیصد، دال مونگ 0.32 فیصد اور دال چنا کی قیمت میں 0.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر 12.06 فیصد، انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد ، لہسن 1.76 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 1.32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آٹا 0.94 فیصد اور دال مسور 0.64 فیصد مہنگی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 111.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک سال کے دوران ٹماٹر 78.94 فیصد اور بجلی کے نرخ 52.38 فیصد مہنگے ہوئے۔رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر آٹے کی قیمت میں 36.14 فیصد، ڈیزل میں 30.77 فیصد اور پٹرول میں 26.23 فیصد اضافہ ہوا، پیاز 19.67 فیصد، مٹن 14.67 فیصد، بیف 11.30 فیصد اور چکن 10.98 فیصد مہنگا ہوا۔