عوام وطن عزیز کے لئے ایک مورچے میں کھڑے ، فوج کو مبارک پیش کرتا ہوں
ہندوستان معاہدے کو قانونی طور پر ختم نہیں کرسکتا ، دفاع وطن کانفرنس سے خطاب
پشاور(خصوصی رپورٹ)سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر فضائیہ ،بحری و بری فوج کے جوانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی عوام اپنے وطن عزیز کے لئے ایک مورچے میں کھڑی ہے، ایک ہفتے میں پتہ چل گیا کہ اسرائیل اور بھارت ایک ہیں ،پاکستان مسجد اقصی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریگا،یکطرفہ طور پر ہندوستان معاہدے کو قانونی طور پر ختم نہیں کرسکتا۔شہدا غزہ و دفاع وطن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پہلے بھی بتاچکے تھے کہ اسرائیل صیہونیت اور ہندوستان ایک جگہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل ایک ناجائز بچے کی حیثیت رکھتا ہے، یہ ایک خنجر کے جو عرب بھائیوں کے پیٹ میں گھونپ دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کی قیادت کو کہتا ہوں کہ کسی قیمت پر فلسطینی بھائی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ اسلامی ممالک اور عالمی برادری اس عمل کو نوٹ کرے کہ آج کا مسلمان کیا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پہلگام واقعے پاکستان کا موقف واضح تھا کہ واقعے کی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مودی کشمیر میں لوگوں کو امن نہ دے سکے، اپنی ناکامی چھپانے کیلئے ڈرامہ رچایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اقوم متحدہ میں دونوں ممالک نے معاہدہ کیا کہ تنازعات کو پرامن طور پر حل کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ بھارت کا تماشا دنیا نے دیکھ لیا ، پٹھان جنگ میں پیچھے نہیں رہ سکتے۔