جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نشاندہی جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے نمبر پلیٹس چھپانے یا ان میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ اتھارٹی نے نمبر پلیٹس چھپانے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی تصاویر عوامی آگاہی کے لیے جاری کردی ہیں۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ہاتھ، کپڑوں اور دیگر اشیا کے ذریعے نمبر پلیٹس چھپانے کی متعدد خلاف ورزیاں سیف سٹی کیمروں میں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ نمبر پلیٹس چھپانے کے باوجود جدید اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ہاتھ، کپڑے، ٹیپ یا کسی بھی دوسری چیز سے نمبر پلیٹ چھپانے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ نمبر پلیٹ چھپانا محض ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں بلکہ قانون سے بچنے کی دانستہ کوشش ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس درست اور واضح رکھیں۔