بحیرہ اسود میں ترک ملکیتی کارگو جہاز MV ROYAD MAMMADOV پر ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ لگنے سے کم از کم 2 افراد ہلاک جبکہ عملے کے متعدد ارکان زخمی ہوگئے، جن میں ایک بھارتی شہری بھی شامل ہے۔
رومانیہ میں بھارتی سفارتخانے کے مطابق جہاز کے عملے میں 3 بھارتی شہری شامل تھے، جن میں سے ایک حملے کے نتیجے میں زخمی ہوا اور اسے رومانیہ میں طبی امداد فراہم کی گئی۔بھارتی سفارتخانے نے بتایا کہ اسے بحیرہ اسود میں تجارتی جہاز پر حملے کی اطلاع ملی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں 2 افراد ہلاک ہوئے جبکہ عملے کے بعض ارکان زخمی ہیں اور ان کا رومانیہ میں علاج جاری ہے۔سفارتخانے کے مطابق حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ بھارتی عملے کے ارکان کی حفاظت اور صحت سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔بعد ازاں بھارتی سفیر منوج موہا پاترا نے جہاز پر موجود 3 بھارتی شہریوں سے بات کی اور تصدیق کی کہ وہ سب خیریت سے ہیں۔