اسلام آباد: ساتویں مارگلہ ڈائیلاگ 2026 کانفرنس میں بھارت کی داخلی اور خارجہ پالیسیوں، علاقائی بالادستی کے عزائم اور سفارتی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے بھارتی پالیسیوں کو جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کی راہ میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنی خارجہ پالیسی کی ناکامیوں کا اسٹریٹجک سطح پر دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ساتویں مارگلہ ڈائیلاگ 2026 کا انعقاد 10 اور 11 نومبر کو اسلام آباد میں کیا گیا، جس میں سارک ممالک کے نمائندوں سمیت مختلف عالمی ماہرین، مبصرین اور دانشوروں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی سیاسی، سفارتی اور اسٹریٹجک صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی علاقائی بالادستی کی پالیسیوں، پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات اور بھارتی خارجہ پالیسی کے طرزعمل پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ شرکا نے بھارتی پالیسیوں میں روایتی سختی اور تنگ نظری کو خطے میں باہمی تعاون اور استحکام کے لیے ایک اہم چیلنج قرار دیا۔مارگلہ ڈائیلاگ 2026 میں پروین سواہنے اور امریکی ماہر سیاسیات پروفیسر جان میئرشائمر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بھارت کی داخلی و خارجی پالیسیوں کے مختلف پہلوؤں کا تجزیہ پیش کیا۔
پروین سواہنے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے بیشتر ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) منصوبے میں شامل ہوچکے ہیں، تاہم بھارت اور بھوٹان اس منصوبے کا حصہ نہیں بنے۔ ان کے مطابق خطے میں بدلتی ہوئی معاشی اور اسٹریٹجک صورتحال کے تناظر میں بھارتی خارجہ پالیسی کی ناکامیوں کا ازسرنو جائزہ لینا ناگزیر ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت کے تسلط پسندانہ رویے کو مسترد کرتا آیا ہے اور اس معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم رہا ہے۔ ان کے مطابق جنوبی ایشیا میں بدلتے علاقائی حالات بھارت کی روایتی پالیسیوں کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہے ہیں۔دوسری جانب امریکی ماہر سیاسیات پروفیسر جان میئرشائمر نے بھارت کی عالمی حیثیت اور علاقائی طاقت بننے کے عزائم پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فی الحال عالمی طاقت نہیں ہے اور مستقبل قریب میں بھی اسے عالمی طاقت بننے کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔
ان کے مطابق بھارت خطے میں بالادستی کے عزائم تو رکھتا ہے، لیکن اسے اپنے محدود وسائل سمیت متعدد داخلی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے بھارتی آبادی کے بڑے حصے کو حکومتی فلاحی سہولیات سے محروم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت ملک کی تمام ریاستوں اور علاقوں کے مسائل پر یکساں توجہ نہیں دے رہی۔
پروفیسر جان میئرشائمر کے خیالات کے مطابق بھارت کے داخلی مسائل اور سفارتی چیلنجز اس کے عالمی طاقت بننے کے عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے بھارتی خارجہ پالیسی اور علاقائی حکمت عملی کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔
کانفرنس میں اعزاز احمد نے سارک ممالک کے باہمی اتحاد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے ممکنہ اتحاد کا خوف ہمیشہ سے بھارت کی راہ میں ایک رکاوٹ رہا ہے۔ ان کے مطابق خطے کے ممالک کے درمیان مضبوط تعاون اور مشترکہ حکمت عملی جنوبی ایشیا کی سیاسی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کرسکتی ہے۔