نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی

نئی دہلی(آئی این  پی )بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی، جہاں بعض علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 418 ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد شہر کے کروڑوں باشندوں کی صحت کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی  ۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے  مطابق 13 نومبر کی صبح آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے علاقے میں فضائی معیار کا انڈیکس 418 تک پہنچ گیا، جو انتہائی خطرناک درجے میں شمار ہوتا ہے اسی طرح راجوکری بارڈر کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 402 ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوارکا ایکسپریس وے پر یہ شرح 369 رہی۔بھارت کے مرکزی ادارے برائے آلودگی کنٹرول کے اعدادوشمار کے مطابق دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی سطح تشویشناک رہی نومبر کے دوران درجہ حرارت میں کمی، ہوا کی رفتار میں تبدیلی، گاڑیوں کا دھواں، صنعتی اخراج، تعمیراتی سرگرمیاں اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں شمالی بھارت میں اسموگ کی شدت بڑھانے والے عوامل ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق آلودہ ہوا میں موجود باریک ذرات پھیپھڑوں اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں بچے، بزرگ، دمے کے مریض اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں فضائی آلودگی کا یہ بحران صرف نئی دہلی تک محدود نہیں بلکہ لاہور سمیت جنوبی ایشیا کے متعدد بڑے شہروں کے لئے  بھی ایک اہم ماحولیاتی انتباہ ہے۔