ملکوال:مذبحہ خانہ پر چھاپہ، بیمار جانور کا 8 سو کلو گوشت تلف

ملکوال(خصوصی رپورٹ )فوڈ سیفٹی ٹیم کا ملکوال کے علاقہ جنڈ بوسال میں غیر قانونی مذبحہ خانے پر چھاپہ، بیمار جانور کا خراب 8 سو کلوگرام گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا گیا۔ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی منڈی بہائوالدین کے فوڈ سیفٹی آفیسر عثمان نے دیگر اہلکاروں اور پولیس کے ہمراہ ملزم شبیر کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں ملزم نے غیر قانونی مذبحہ خانہ بنا رکھا تھا اور وہاں بیمار لاغر اور مردہ جانوروں کا گوشت تیار کرکے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ چھاپے پرشبیر سمیت چار ملزم دیواریں پھلانگتے ہوئے فرار ہو گئے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے وہاں موجود 8 سو کلوگرام گوشت برآمد کر لیا جو ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر امجد رؤف نے معائنہ کے بعد مضر صحت قرار دیا جس پر گوشت کو تلف کر دیا گیا جبکہ پولیس نے وہاں موجود رکشہ اور موٹر سائیکل کو قبضہ میں لے لیا۔ پولیس نے ملزم شبیر ور اسکے تین ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کر کے انکی تلاش شروع کردی ہے۔