منڈیوں ، ملحقہ علاقوں کیلئے ماہانہ ٹریفک پلان بھی ترتیب

 پنجاب کے تمام اضلاع کی منڈیوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا:سیکرٹری
لاہور(کرائم رپورٹر)سیکرٹری پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ ڈاکٹر کرن خورشید کی زیر صدارت ہم اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ڈی جی پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی طارق علی بسرا سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے، اجلاس کے دوران سیکرٹری پرائس کنٹرول کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کی منڈیوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں منڈیوں میں باقاعدہ اینٹی انکروچمنٹ سیل بھی قائم کیے گئے ہیں جو منڈیوں میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ تمام منڈیوں میں ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں اور وہاں ہیلپ لائن بھی فراہم کی گئی ہے جس پر صارف شکایت کی صورت میں کسی بھی وقت انتظامیہ سے آسانی کیساتھ رابطہ کر سکتا ہے جبکہ منڈیوں اور ان سے ملحقہ علاقوں کے لیے ماہانہ ٹریفک پلان بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔بریفنگ کے دوران ڈاکٹر کرن خورشید کو بتایا گیا کہ صوبے کی تمام منڈیوں میں صفائی ڈیوٹی روسٹر یونیفارم اور الیکٹرانک ریٹ بورڈز کی تنصیب کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے اور وزیر آباد ،جڑانوالہ ،چونیاں، شرقپور، چنیوٹ، خانیوال ،بھلوال، مظفرگڑھ ، پتوکی، اوکاڑہ اور منڈی بہاؤالدین میں سہولت بازار مکمل فنکشنل ہو چکے ہیں۔