ریلوے سٹیشن کے سامنے گرین ایریا ڈویلپ ہو گا،ڈی جی کا سرکلر روڈ کادورہ
لاہور (کرائم رپورٹر )ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ریلوے سٹیشن، مصری شاہ، بھاٹی گیٹ اور سرکلر روڈ کے اطراف کا دورہ کیا۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین بھی ہمراہ تھے۔ڈی جی ایل ڈی اے نے شہر کے مصروف ترین مقامات کے اطراف سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے مجوزہ ڈیزائن کا جائزہ لیا۔ایل ڈی اے اور ٹیپا ٹیموں نے منصوبوں کے مجوزہ ڈیزائن بارے بریفنگ دی۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے سٹیشن، مصری شاہ اور سرکلر روڈ کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ ہو گا۔ گرین ایریاز، واک ویز اور پارکنگ ایریاز ڈویلپ کیے جائیں گے۔ ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا کے اطراف گندگی ختم کرکے بیوٹیفکیشن کی جائے گی۔ ریلوے سٹیشن کے سامنے گرین ایریا ڈویلپ ہو گا، گینٹریز بھی لگائی جائیں گی۔ایک موریہ، دو موریہ پل اور مصری شاہ کے اطراف مکس یوز ٹریفک کے مطابق ڈیزائن اپنایا جائے گا۔ سرکلر روڈ اور بھاٹی چوک کے اطراف پارکنگ ایریا اور فٹ پاتھ بھی بنائے جائیں گے۔ڈی جی ایل ڈی اے نے ٹیپا اور ایل ڈی اے ٹیموں کو تمام زونز میں ترقیاتی کاموں کے لیے ٹھوس پلاننگ و بہترین ڈیزائن اپنانے کی ہدایت کی۔