پیٹر انجن سے تیار رکشوں کا دھواں آلودگی پھیلانے لگا

 سانس کی بیماریوں میں اضافہ،غیر رجسٹرڈ رکشوں پر پابندی کامطالبہ 
لاہور (کرائم رپورٹر ) رائے ونڈ میں پیٹر انجن سے تیار ہونے والے غیر معیاری رکشوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ، یہ رکشے نہ صرف شدید ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہے ہیں بلکہ بغیر نمبر پلیٹ ہونے کی وجہ سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان بھی پہنچا رہے ہیں۔ان رکشوں سے نکلنے والا کالا دھواں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافے کا باعث بن رہا ہے، جس سے سانس کی بیماریوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں ان رکشوں کا کوئی رجسٹریشن ریکارڈ موجود نہ ہونے کے باعث ٹریفک قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو رہی ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکمے فوری طور پر ان رکشوں کے خلاف کریک ڈائون کریں، رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کو بند کیا جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔