کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کیلئے 10 ہزار سپر سیڈرز فراہم کئے جائیں گے
کھلی فضا میں کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے:اجلاس میں فیصلے
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ایک اور بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری محکموں کی خراب انجن اور دھواں پھیلانے والی گاڑیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ماحولیاتی بہتری کے لیے کئی سخت اقدامات کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے فصل کی کٹائی سے قبل 10 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کسانوں کو 150 کمبائن ہارویسٹرز، 13 ٹرانسپلانٹرز اور 500 رائس سٹرا شیڈرز بھی دئیے جائیں گے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلی کے وژن کے تحت 9 ہزار سپر سیڈرز کسانوں کو پہلے ہی فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اجلاس کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فصلوں کی باقیات جلانے، کارخانوں اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کیا جائے گا۔اس کے علاوہ کھلی فضا میں کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے، اور ویسٹ برننگ میں ملوث ستھرا پنجاب کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قانون شکنی کرنے والوں کی مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹی کیمروں کی مدد لی جائے گی۔