پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں نے میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں تاکہ خامیوں کو دور کیا جا سکے۔ مہمان سری لنکن ٹیم کو پریکٹس کے دوران شاندار انداز میں استقبال کیا گیا، جہاں شائقین کرکٹ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ٹیم کا خیرمقدم کیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی سری لنکن کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے، اور اس موقع پر شائقین کرکٹ نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دی جا چکی ہے اور پاکستان اور سری لنکا کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ سری لنکن ہائی کمشنر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ اس میچ میں پاکستان نے 300 رنز کا ہدف دیا تھا جسے سری لنکن ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا سکی تھی۔