کراچی(خصوصی رپورٹ) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں اکتوبرکے دوران مختلف شعبوں کی 2,477نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کیں جس کے نتیجے میں ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2لاکھ 33ہزار 587ہوگئیں جو پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں بڑھتے ہوئے اعتماد اور اس کی مسلسل توسیع کی عکاسی کرتی ہے۔ ایس ای سی پی کی ڈیجیٹلائزیشن کی مہم کامیابی سے جاری رہی ہے جس کے آن لائن سسٹم کے ذریعے 99فیصد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشنز کی گئی۔ رجسٹرڈ ہونے والی نئی کمپنیوں میں 57فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں جبکہ 47فیصد سنگل ممبر کمپنیاں اور 2فیصد بشمول پبلک، غیر منافع بخش تنظیمیں، تجارتی تنظیمیں شامل ہیں۔ اکتوبر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبوں میں 556 نئی کمپنیوں کے ساتھ سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔