خیبرپختونخوامیں قیام امن اور تعمیروترقی کیلئے 160 ارب فوری جاری کرنے کا فیصلہ

 نصف رقم دہشتگردی سے شدید متاثرہ اضلاع میں خرچ کی جائے گی‘ 6ماہ کے دوران خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہاہے خیبرپختونخوامیں قیام امن اور تعمیر و ترقی کیلئے 160 ارب روپے فوری جاری کرنے کا فیصلہ  کیاہے، ایپکس کمیٹی اجلاس میں خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ بہت جلد 160 ارب روپے کی رقم خیبر پختونخوا کے حوالے کر دی جائے گی ، یہ رقم این ایف سی ایوارڈ کی رقم کے علاوہ ہے ، یہ رقم خیبرپختونخوا میں تین شعبوں میں خرچ کی جائیگی۔ پولیس سمیت امن وامان کے ذمہ داراداروں کی استعداد کار بہتر بنائی جائے گی، صحت،تعلیم اور سینی ٹیشن کو بہتر بنایا جائے گا، تحریک انصاف کے 12 سالہ دور کے نامکمل ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا، 160ارب روپے میں سینصف رقم دہشتگردی سے شدید متاثرہ اضلاع میں خرچ کی جائیگی۔ 6ماہ کے دوران خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، ان علاقوں کو دہشتگردوں سے مکمل کلیر کیا جائے گا، دہشتگردی کیخلاف تمام آپریشن انٹیلی جنس بیسڈ ہوں گے، مقامی آبادی کی نقل مکانی ان آپریشنز کا حصہ نہیں ہوگی،  ان علاقوں کا نظم و نسق سول انتظامیہ کے سپرد کر دیئے جائیں گے۔