مغربی کنارے اسرائیلی خود مختاری و بستیوں کی تعمیرسے خبردار کرتے ہیں: سعودی عرب

اس طرح کے بیانات امن کوششوں کو برباد کر دیں گے، اس سے جنگوں کی حوصلہ افزائی ہو گی،وزارت خارجہ
 ریاض (آئی این پی)سعودی عرب نے اسرائیل کو مغربی کنارے میں اسرائیلی خود مختاری اور بستیوں کی تعمیر کے بیانات بارے انتباہ جاری کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک اسرائیلی ذمہ دار کے اس انتہا پسندانہ بیان کی سنگینی پر شدت سے خبردار کیا ہے جس میں مقبوضہ مغربی کنارے پر قابض اسرائیلی حکام کی خود مختاری مسلط کرنے اور بستیوں کی تعمیر و توسیع کی بات کی گئی ہے۔سعودی عرب نے باور کرایا ہے کہ اس طرح کے بیانات امن کوششوں کو جن میں دو ریاستی حل شامل ہے ، برباد کر دیں گے، اس سے جنگوں کی حوصلہ افزائی ہو گی، مزید شدت پسندی جنم لے گی اور خطے کے امن و استحکام کو درپیش خطرہ کئی گنا بڑھ جائے گا۔سعودی عرب نے زور دیا ہے کہ یہ بیان بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔