اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری کیخلاف ہیں آصف زرداری عالمی برادری کشیدگی رکوائے شہبازشریف

 یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی  پامالی ہیں‘ اقوام متحدہ اور عالمی برادری  فوری کارروائی کرتے ہوئے جارح کا احتساب کرے :صدر مملکت
 ایسی جارحیت عالمی قوانین کی  خلاف ورزی ہے جس پر خاموشی اختیار کرنا خطرناک ہوگا:وزیراعظم‘زائرین کی حفاظت سے وطن واپسی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (آئی این پی )  صدر آصف علی زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیلی فوجی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا  یہ کارروائیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی سراسر پامالی ہیں۔ صدر مملکت نے ایران میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام سے گہری ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کارروائی کرتے ہوئے جارح کا احتساب کرے اور خطے کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایران پر اسرائیلی حملے کو بلااشتعال، غیرذمہ دارانہ اور عالمی امن کے لیے خطرناک قرار دیا۔انہوں نے کہا  یہ حملہ پہلے سے کشیدہ خطے کو مزید غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ شہباز شریف نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور موثر اقدامات کرے تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے۔انہوں نے کہا کہ ایسی جارحیت عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر خاموشی اختیار کرنا خطرناک ہوگا۔دریں اثنائوزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایران میں موجود پاکستانی زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے ہر ممکن معاونت کی ہدایت کردی۔جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ایران میں موجود پاکستانی زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے تمام ترممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں