عالمی امن کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا:محسن نقوی

اقتصادی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے  بین الاقوامی حکمت عملی کی ضرورت ہے
غیرقانونی امیگریشن کو روکنے کیلئے پاکستان نے متعدد اقدامات کئے ہیں:ہنگری میں کانفرنس سے خطاب
  بڈاپیسٹ (آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے  عالمی امن کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے پاکستان نے متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے  ہنگری کے دارالحکومت بڈاپیسٹ میں 7 ویں وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔وزیر داخلہ نے  کہا  2019 میں منعقدہ آخری وزارتی کانفرنس کے بعد سے متعدد اہم پیش رفت ہو چکی ہیں، آج ہمیں بہت سے اہم مسائل کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو طویل تنازعات، اقتصادی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز درپیش ہیں، ان چیلنجز نے دنیا بھر میں امیگریشن کے بہا ئوکو نئی شکل دی ہے، ان مسائل کی وجہ سے پیچیدہ چیلنجز جنم لے رہے ہیں، جن سے کوئی ایک ملک اکیلے نمٹ نہیں سکتا۔محسن نقوی نے کہا کہ ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جامع بین الاقوامی حکمت عملی کی ضرورت ہے، صرف علامتی نہیں بلکہ بے قاعدہ امیگریشن کی بنیادی وجوہات کا حل ضروری ہے اور فوری پائیدار اقدامات کا متقاضی ہے۔