دادو کے علاقے کنڈیور میں مبینہ طور پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک لڑکی فائرنگ سے زخمی ہو گئی، جس کے بعد وہ تحفظ کے لیے تھانہ تھرڑی محبت پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق زخمی لڑکی کو گولی بازو پر لگی جس کے باعث وہ معمولی زخمی ہوئی۔ واقعے کے بعد متاثرہ لڑکی نے پولیس سے تحفظ کی درخواست کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسے جھوٹے الزامات کا سامنا ہے اور اس کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے بعد وہ فوری طور پر محفوظ مقام کے بجائے پولیس سے رجوع کرنے پر مجبور ہوئی۔پولیس حکام کے مطابق زخمی لڑکی کو فوری طور پر میڈیکل لیٹر جاری کر کے تعلقہ اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ اس کا طبی معائنہ کیا جا سکے۔پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد مبینہ طور پر لڑکی کا بھائی موقع سے فرار ہو گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تفتیش کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مقدمہ درج کیا جائے گا۔