کراچی: شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، شہری پریشان

کراچی: شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، شہری پریشان

شہرِ قائد میں شدید گرمی کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ کورنگی نمبر 4 اور اطراف کے علاقوں میں طویل بجلی بندش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش جاری رہتی ہے، جس سے گھریلو نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ شدید گرمی کے باعث رات کے اوقات میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہنے پر شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔بجلی کی بندش کے نتیجے میں پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے، جس سے علاقے میں پانی کی قلت سنگین صورت اختیار کر گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے یہ صورتحال مزید تکلیف دہ بن گئی ہے۔علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ کا کوئی واضح شیڈول فراہم نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو شہر میں زندگی مزید مفلوج ہو سکتی ہے۔