وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب اور ازبکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے مشترکہ معاہدہ تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب حکومت کے وزرا نے ازبکستان کے تاشقند ریجن کے گورنر زوئر طائیرووچ مرزاییف اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافت، تاریخی ورثہ، سیاحت، فنون لطیفہ، صنعت، تجارت، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر، توانائی، تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور تاشقند خوراک و زراعت، حیوانات، گوشت، اوڈیات، ہوٹل انڈسٹری کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، اور اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔اس موقع پر صوبائی وزرا مجتبی شجاع الرحمان، خواجہ سلمان رفیق، صہیب احمد بھرت، عاشق حسین کرمانی، اور چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے، جبکہ ازبک وفد میں سرمایہ کاری کے لیے نجم الدین خودجا شریپوف، دلشاد رسولوف سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور سرمایہ کار شخصیات شامل تھیں۔
پاکستان میں ازبکستان کے اعزازی قونصل نجیب مشتاق وہرا اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے ازبک وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا، جس کی میزبانی مریم اورنگزیب نے کی، اور گورنر مرزاییف نے پنجاب میں پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔