لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے ملازمین کے ہونہار بچوں کی تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیوں پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی جی پنجاب عبد الکریم نے سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی اسوہ خالد نے ملاقات کی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اسوہ خالد سنٹرل پولیس آفس میں تعینات اسسٹنٹ خالد محمود کی صاحبزادی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے اسوہ خالد کو سی ایس ایس امتحان میں کامیابی اور پولیس سروس آف پاکستان (PSP) میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اسسٹنٹ خالد محمود اور ان کی اہلیہ کی محنت، لگن اور مشکل حالات کے باوجود بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران پیشہ ورانہ امور کو سمجھتے ہوئے نئے آئیڈیاز کے تحت خدمتِ خلق کو فروغ دیں۔ترجمان کے مطابق اسوہ خالد ڈاکٹر آف ویٹرنری اینڈ میڈیسن کی ڈگری بھی حاصل کر چکی ہیں جبکہ ان کے والد خالد محمود اس وقت اسسٹنٹ ڈائریکٹر پرسونل برانچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔