قومی اسمبلی : پی ٹی آئی اراکین دست وگریباں،گالیاں
پی ٹی آئی رکن اسمبلی اقبال آفریدی کورم کی نشاندہی کرنا چاہتے تھے، جنید اکبر اور دیگر ساتھی ارکان انہیں ایسا کرنے سے روک رہے تھے
اقبال آفریدی اور جنید اکبر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ، صورتحال اس حد تک بگڑ گئی کہ دیگر ارکان کو بیچ بچاؤ کرانا پڑا،فضل خان نے جوتا اتار لیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کے درمیان شدید تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، جہاں پارٹی کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے اور نوبت ہاتھا پائی اور جوتا نکالنے تک پہنچ گئی۔تنازع اس وقت شروع ہوا جب پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اقبال آفریدی کورم کی نشاندہی کرنا چاہتے تھے، تاہم جنید اکبر اور دیگر ساتھی ارکان انہیں ایسا کرنے سے روک رہے تھے۔ اس دوران اقبال آفریدی اور جنید اکبر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور صورتحال اس حد تک بگڑ گئی کہ دیگر ارکان کو بیچ بچاؤ کرانا پڑا۔ہنگامہ آرائی کے دوران سوات سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان نے مبینہ طور پر گالی دیے جانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنا جوتا اتار لیا اور اقبال آفریدی کو مارنے کی کوشش کی۔ساتھی ارکان نے فوری مداخلت کرتے ہوئے فضل محمد خان اور جنید اکبر کو ایک طرف کیا جبکہ اقبال آفریدی کو دوسری جانب لے جا کر لڑائی کو طول پکڑنے سے روکا۔