پاک فوج اور ایف سی کا بارکھان میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے سات دہشتگرد ہلاک

پاک فوج اور ایف سی کا بارکھان میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے سات دہشتگرد ہلاک

پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے خلاف کلیئرنس اور ایریا سینیٹائزیشن آپریشن کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک فیلڈ افسر سمیت 5 سکیورٹی اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 مئی 2026 کی صبح سکیورٹی فورسز نے ضلع بارکھان کے عمومی علاقے نوشام میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کا مقصد بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر کا خاتمہ اور علاقے کو محفوظ بنانا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ایک گروہ کا سراغ لگا کر فورسز نے مؤثر انداز میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔بیان کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 31 سالہ میجر توصیف احمد بھٹی شہید ہو گئے، جن کا تعلق ضلع پاکپتن سے تھا۔ شہداء میں 36 سالہ نائب فدا حسین، جن کا تعلق ضلع سکھر سے تھا، بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 32 سالہ سپاہی ذاکر حسین (ضلع اسکردو)، 21 سالہ سپاہی سہیل احمد (ضلع خانیوال) اور 24 سالہ سپاہی محمد ایاز (ضلع رحیم یار خان) نے بھی وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے گرد و نواح میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔