خلیجی اور دیگر اسلامی ممالک میں عیدالاضحیٰ 2026 کے ممکنہ شیڈول اور تعطیلات سے متعلق اہم پیش گوئیاں اور سرکاری اعلانات سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق اس سال کئی ممالک میں طویل تعطیلات کا امکان ہے جبکہ بعض حکومتوں نے باقاعدہ چھٹیوں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
قطر کیلنڈر ہاؤس کے مطابق ذی الحجہ 1447 ہجری کا آغاز پیر 18 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ فلکیاتی اندازوں کے تحت عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔ ذی الحجہ اسلامی قمری سال کا آخری اور نہایت مقدس مہینہ ہے، جس میں دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضۂ حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں، جبکہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنتِ قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے۔متحدہ عرب امارات میں حکومت نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل کے مطابق یومِ عرفہ اور عید کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کو پانچ روزہ تعطیلات دی جائیں گی، جو پیر 25 مئی سے جمعہ 29 مئی 2026 تک جاری رہیں گی، جبکہ یکم جون سے سرکاری دفاتر دوبارہ معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔دوسری جانب بنگلہ دیش کی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 7 روزہ طویل تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
یہ تعطیلات 25 مئی سے 31 مئی تک جاری رہیں گی۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق طویل چھٹیوں کے باعث ہفتہ 23 مئی کی عام تعطیل منسوخ کر دی گئی ہے اور سرکاری دفاتر 23 اور 24 مئی کو کھلے رہیں گے تاکہ انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔پاکستان میں بھی عیدالاضحیٰ 2026 سے متعلق فلکیاتی پیش گوئیاں سامنے آ چکی ہیں۔ سپارکو کے مطابق نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، جبکہ اسی شام اس کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔ ماہرین کے مطابق ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا فرق متوقع ہے، جس کے باعث صاف موسم کی صورت میں چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔
ان فلکیاتی تخمینوں کی بنیاد پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں یکم ذوالحج 18 مئی کو جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جا سکتی ہے، تاہم حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔