خلیجی ریاستوں کے تحفظ کیلئے حمایت جاری رہے گی، سعودی کابینہ

 ولی عہد نے موریطانیہ کے صدر اور جاپان کے وزیر اعظم کے پیغامات سے بھی اراکین کو آگاہ کیا
ریاض،دوحہ (آئی این پی )سعودی کابینہ نے خلیجی ریاستوں کی سرزمین اور علاقائی پانیوں کو نشانہ بنائے جانیوالے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے کے امن و استحکام کیلئے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ کا اجلاس ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت کی سرزمین اور علاقائی پانیوں میں ہونے والے حملوں کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی گئی۔کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب خلیجی ممالک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔کابینہ اجلاس کے دوران ولی عہد نے موریطانیہ کے صدر اور جاپان کے وزیر اعظم کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات سے بھی اراکین کو آگاہ کیا۔اجلاس میں علاقائی صورتحال، عالمی تعاون اور مختلف شعبوں میں سعودی عرب کی سفارتی و ترقیاتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دوسری جانبقطری وزیراعظم، وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قطری وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان گفتگو میں امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان جنگ بندی سے متعلق پیشرفت اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر بھی بات کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماں نے ایسے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جو خطے میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں، شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے زور دیا کہ تمام فریق جاری ثالثی کوششوں کا مثبت جواب دیں تاکہ بحران کی بنیادی وجوہات کو پرامن ذرائع اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی راہ ہموار ہو سکے۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق اس عمل کا مقصد ایک ایسے پائیدار معاہدے تک پہنچنا ہے جو مستقبل میں دوبارہ کشیدگی پیدا ہونے سے روک سکے۔