پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت تحقیقات سے بھاگ گیا،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں
ریاستی اداروں میں مکمل یکسوئی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے ، سول اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے، بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا، بھارت تحقیقات سے بھاگ گیا، پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں دی جانے والی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔معرکہ حق کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بے مثال قربانیاں دے چکا ہے، بھارت اپنے داخلی مسائل اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستانی قوم، افواج اور ریاستی اداروں نے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا، بھارت میں دہشتگردی اس کا اپنا داخلی مسئلہ ہے، تاہم نئی دہلی حکومت ہمیشہ اپنی ناکامیوں اور داخلی بحرانوں کو بیرونی رنگ دے کر پاکستان پر الزامات عائد کرتی رہی ہے، انہوں نے کہا ریاستی اداروں کے درمیان مکمل یکسوئی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اور چیلنجز سے نمٹنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت قابلِ تحسین ہے۔