خارجہ محاذ پر پی ٹی آئی دور حکومت میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا،ملک کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں‘ شرطیں لگا رکھی تھیں معیشت نہیں سنبھلے گی
ایک سیاسی جماعت نے پاکستان کے خلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے موقع پر پاکستان کا پرچم ہر شاہراہ پر دیکھا گیا: پریس کانفرنس
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے ہم نے ریاست کے لئے اپنی سیاست قربان کر دی، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں فیصلے کئے گئے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 4 مارچ 2025کو مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کا ایک سال مکمل ہو جائے گا، محمد شہباز شریف نے 4 مارچ 2024کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کی سمت کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں، بہت سے لوگوں نے شرطیں لگا رکھی تھیں کہ معیشت نہیں سنبھلے گی، ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے، ایک سیاسی جماعت نے پاکستان کے خلاف آئی ایم ایف کو خطوط لکھے۔عطا تارڑ نے کہا کہ کچھ چیزیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں، ہم نے ریاست کے لئے اپنی سیاست قربان کر دی، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں فیصلے کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی 1.5 فیصد کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے، 9 سال پانچ ماہ پہلے ستمبر 2015 میں مہنگائی 1.3 فیصد تھی، ساڑھے 9 سال کے بعد آج مہنگائی کی کم ترین سطح ہے، شرح سود میں کمی ہوئی، سٹاک ایکسچینج میں بہتری آ رہی ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خارجہ محاذ پر پی ٹی آئی دور حکومت میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، وزیراعظم کے دورہ ازبکستان کے موقع پر پاکستان کا پرچم ہر شاہراہ پر دیکھا گیا، عالمی سطح پر پاکستان کے لئے اچھے جذبات اور تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔