ایامِ حج سے قبل غلافِ کعبہ کو زمین سے 3 میٹر اونچا کر دیا گیا

ایامِ حج سے قبل غلافِ کعبہ کو زمین سے 3 میٹر اونچا کر دیا گیا

مکہ مکرمہ: ایامِ حج کی آمد کے پیش نظر حرمین شریفین کی انتظامیہ نے غلافِ کعبہ کو زمین سے 3 میٹر اونچا کر دیا ہے۔

یہ اقدام غلافِ کعبہ کو حج کے دوران زائرین کے غیر ارادی لمس، بھیڑ، یا ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے کیا جاتا ہے۔انتظامیہ کے مطابق، یہ روایت ہر سال ذی الحج کے آغاز پر اپنائی جاتی ہے تاکہ لاکھوں حجاج کرام کے طواف کے دوران غلاف کی حفاظت اور اس کے تقدس کو برقرار رکھا جا سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ غلافِ کعبہ کو 15 ذی الحج تک بلند رکھا جائے گا۔ اس کے بعد اسے دوبارہ اپنی اصل حالت یعنی زمین تک لٹکا دیا جائے گا۔

یہ روایت نہ صرف غلافِ کعبہ کے احترام کا مظہر ہے بلکہ انتظامیہ کی جانب سے حج انتظامات کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر کا بھی حصہ ہے۔ لاکھوں زائرین جب بیت اللہ شریف پہنچتے ہیں تو وہ غلافِ کعبہ سے عقیدت سے چھونے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے بعض اوقات غلاف کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔انتظامیہ نے زائرین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ طواف کے دوران نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور غلافِ کعبہ کی حرمت کا بھرپور خیال رکھیں۔