محمد عبدالحامد رات 3بجے ڈھاکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تھائی ایئرویز کی پرواز پر سوارہوئے،بھارتی میڈیا کادعویٰ
ڈھاکا؍نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عوامی لیگ پر پابندی کے بعد بنگلادیش کے سابق صدر محمد عبدالحامد گذشتہ رات 3بجے ہنگامی بنیادوں پر اپنی دھوتی میں ہی ملک سے فرار ہوگئے ہیں، جس کے بعد عبوری حکومت نے فوری تحقیقات شروع کردی ہیں۔بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق سابق بنگلا دیشی صدر محمد عبدالحامد رات کے 3بجے ڈھاکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تھائی ایئرویز کی پرواز پر سوار ہو کر ملک سے فرار ہوئے۔رپورٹ کے مطابق ان کے اچانک ملک چھوڑ کر جانے کا جب بنگلادیش کی عبوری حکومت کو علم ہوا تو فوری ہنگامی اقدامات اٹھائے گئے، جن میں افسران کی معطلی، تبادلے اور ساتھ ہی ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔ عبدالحامد ان افراد میں شامل تھے جن کے خلاف شیخ حسینہ مخالف احتجاج کے دوران مظاہرین کے خلاف سخت اقدامات کے سلسلے میں تحقیقات جاری تھیں۔بنگلادیشی خبر رساں ادارے کے مطابق عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے سابق بنگلادیشی صدر کے اچانک ملک سے فرار ہونے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تعلیم کے مشیر سی آر ابرار کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق عبدالحامد اپنی لنگی(دھوتی) میں بنگلادیش سے راتوں رات فرار ہوئے جب کہ ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی اور بہنوئی کے ہمراہ طبی علاج کے لیے تھائی لینڈ روانہ ہوئے ہیں۔