راولپنڈی :منشیات فروشی کے مقدمہ میں خاتون کی سزا کالعدم قرار،بری کرنے کا حکم

راولپنڈی (آن لائن) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس محمد امجد رفیق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے منشیات فروشی کے مقدمہ میں سزا یافتہ خاتون کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دیا ہے۔ تھانہ صادق آباد پولیس نے گذشتہ سال 24 نومبر کو فوزیہ علی کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں ملزمہ پر 1200 گرام ہیروئن برآمدگی کا الزام تھا۔ ٹرائل مکمل ہونے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے ملزمہ کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جس پر ملزمہ نے وحید ناز جنجوعہ ایڈووکیٹ کے ذریعے ماتحت عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ گذشتہ روز اپیل کی سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے عدالت نے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر درخواست گزار کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔