پاک بھارت سیز فائر عالمی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے:عطا ء تارڑ

  بھارتی  نقصانات سب کے سامنے ہیں، بھارت مزید کشیدگی جھیلنے کی پوزیشن میں نہیں تھا
 بھارت نے پاکستان کو پانی کی فراہمی بند نہیں کی‘  نہ اس کے  پاس  روکنے کی صلاحیت ہے
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے  پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیز فائر مختلف ممالک کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔برطانی نشریاتی ادارے سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات اور اسلحہ ڈپوں کو نشانہ بنایا، بھارت کے نقصانات سب کے سامنے ہیں، بھارت مزید کشیدگی جھیلنے کی پوزیشن میں نہیں تھا، سیز فائر پاکستان کی کمزوری نہیں بلکہ حکمت عملی کی کامیابی ہے، سیز فائر کے بعد ڈی جی ایم اوز کے درمیان پہلا رابطہ ہو چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی دوسری ٹویٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے، وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے خواہاں ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو پانی کی فراہمی تاحال بند نہیں کی اور نہ بھارت کے پاس پانی روکنے کی صلاحیت ہے، اس وقت پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے