گوبر پھینکنے پر جھگڑا، نوجوان قتل

اویس اور بلال نامی ملزموں نے جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار کر کے سلاتیل مسیح کو مار ڈاالا
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈیفنس سی کے علاقے میں گوبر پھینکنے کے معاملے پر ہونے والے معمولی جھگڑے نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جس کے نتیجے میں 19 سالہ نوجوان سلاتیل مسیح جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق اویس اور بلال نامی ملزمان نے جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار کر کے سلاتیل مسیح کو شدید زخمی کر دیا، جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر ایس ایچ او ڈیفنس رضا عباس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پولیس اور فرانزک ٹیم کو طلب کیا، جہاں سے شواہد اکٹھے کیے گئے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا۔ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق مقتول کے بھائی سیموئل مسیح کی مدعیت میں نامزد ملزمان اویس اور بلال کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم اویس کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم بلال کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس پی کینٹ اختر نواز نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔