بانی پی ٹی آئی کا علاج فیملی ڈاکٹرز کی موجودگی میں شفاء ہسپتال میں کرایا جائے اگر ایسا نہیں ہوتا تو اس اس کی ذمہ دار یہ جعلی حکومت اور اس کے ہینڈلرز ہوں گے
ملک میں حالات خراب ہیں جبکہ حکومت صرف ایک پارٹی کے سربراہ اور کارکنوں کے پیچھے پڑی ہے ،بانی کروڑوں پاکستانیوں بلکہ اسلامی دنیا کے لیڈر ہیں :پریس کانفرنس
اسلام آباد(آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ہائی کورٹ کے فیصلے اور میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاہے ملک میں حالات خراب ہیں جبکہ حکومت صرف ایک پارٹی کے سربراہ اور کارکنوں کے پیچھے پڑی ہے انہوں نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور ہمارے بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر علاج کیلئے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے۔جمعہ کو خیبر پختونخوا ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کا مسئلہ مسلسل چل رہا ہے اور ہم نے ہر ممکن کوشش کی کہ اس کا علاج شفاء انٹرنیشنل میں ہوسکے اور اس کیلئے ہر قسم کے سیاسی ،جمہوری اور آئینی راستے آزمائے مگر ہمارے آئینی اور قانونی مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کروڑوں پاکستانیوں بلکہ اسلامی دنیا کے لیڈر ہیں اور بدقسمتی سے ہم اس کی قدر نہیں کر رہے ہیں اور جو ٹولہ ملک پر مسلط ہے ان کی نہ تو داخلہ پالیسی ہے اور نہ ہی خارجہ پالیسی ہے انہوں نے کہاکہ حکمران پاکستان کو اپنی غلط پالیسیوں کیوجہ سے تباہی کی جانب سے دھکیل رہے ہیں ان کو ملک کی معاشی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ان کی دلچسپی اس میں ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آئینی اور قانونی حق سے محروم رکھنا ہے اس کو ان کے خاندان اور پارٹی رہنمائوں سے نہ ملنے دینا ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو نااہل کرنے کیلئے حربے آزمائے جارہے ہیںانہوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا میں جو حالات چل رہے ہیں اس وقت بھی ہمارے حکمرانوں کو یہ دلچسپی ہے کہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز کو نااہل کیا جائے اور وزیر اعلیٰ کو نااہل کیا جائے انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں پاکستان خاک ترقی کرے گا انہوں نے کہاکہ ہم ایک بار پھر پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کے ذاتی ڈاکٹرز کی نگرانی میں اور فیملی ڈاکٹرز کی موجودگی میں شفاء ہسپتال میں کرایا جائے اگر ایسا نہیں ہوتا تو اس اس کی ذمہ داری یہ جعلی حکومت اور اس کے ہینڈلرز ہونگے۔