حکمران اور فیصلہ ساز آنکھیں کھول لیں ورنہ حالات کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا سہیل آفریدی

ظلم جاری رہا اور نفرت بڑھتی گئی تو ایک وقت آئے گا عمران خان کے کہنے پر بھی لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا نہیں ہوگی
آج نوجوانوں کی آنکھوں میں انقلاب کی جو چمک دیکھ رہے ہیں  اسے کوئی سنبھال نہیں پائے گا:دھرنے میں میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے  حکمران اور فیصلہ ساز 27 ستمبر سے پہلے آنکھیں کھول لیں اور ملک کو انصاف، آئین اور قانون کی بالادستی کی طرف لے جائیں ورنہ حالات کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش ناک خبریں سامنے آرہی ہیں اور قوم کو ان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں نہ ہم اْن کی صحت پر سیاست کرتے ہیں اور نہ ہی عمران خان نے اپنی صحت کے حوالے سے کبھی ایسی کوئی بات کی ہے جس کا مقصد انہیں کسی ریلیف کا حصول ہو ، لہٰذا ضروری ہے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیملی کی موجودگی میں ذاتی معالجین کی زیر نگرانی علاج کا مطالبہ پورا کیا جائے۔ عمران خان کو جعلی مقدمات میں نا حق قید کیا گیا ہے جبکہ اْن کے مخالفین بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث رہے ہیں، کرپشن کی ، باہر جزیرے خریدے اور ملک و قوم کا پیسہ لوٹا، ظلم کرنے والے یہ بات اچھی طرح سن لیں کہ مکافاتِ عمل سے کوئی نہیں بچ سکتا، انہیں اپنے کیے کا حساب دینا ہوگا۔ آج نوجوانوں کی آنکھوں میں انقلاب کی جو چمک وہ دیکھ رہے ہیں، اسے کوئی سنبھال نہیں پائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ جاری رہا اور نفرت اسی طرح بڑھتی گئی تو حالات اس نہج تک پہنچ سکتے ہیں کہ عمران خان کے کہنے پر بھی لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا نہیں ہوگی