دہشتگردی ،جنسی استحصال ،سوشل میڈیاجرائم کے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ تیار
ملز م قوانین میں سقم سے بری ہوجاتے ،رپورٹ نئی حکمت عملی کیلئے بنائی:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)دہشت گردی ، سوشل میڈیا سے جڑے جرائم ،جنسی استحصال کے واقعات کی روک تھام کیلئے پالیسی میں ترمیم کا فیصلہ کر لیا گیا، اس حوالے سے پنجاب پولیس نے 60ہزار127مقدمات کی تفتیش کی تفصیلی رپورٹ پنجاب حکومت کو بھجوا دی ۔رپورٹ کے مطابق ملزم قوانین میں سقم ہونے کے باعث بری ہونے لگے ہیں ،سنگین مقدمات میں نامزد و گرفتار 2388 ملزموں کو بری کردیا گیا۔شیڈول ون میں سوشل میڈیا سمیت سنگین جرائم کے 32 ہزار 210 مقدمات کی تفتیش ہوئی،تفتیش مکمل ہونے پر صرف 555 افراد کو سزا دلوائی جاسکی ،شیڈول ون کے مقدمات میں ملوث 1342 افراد کو بری کردیا گیا ،شیڈول ٹو میں سنگین دفعات کے تحت 28 ہزار 7 مقدمات کی تفتیش کی گئی،تفتیش کی تکمیل پر 314 ملزموں کو سزا ہوئی جبکہ مقدمات میں مطلوب 1046 ملزم بری کر دئیے گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم کے مقدمات کی رپورٹ نئی حکمت عملی کی تشکیل کیلئے مرتب کی گئی ہے۔