اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کیساتھ کئے گئے فیصلوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختا ئیف نے وزیراعظم ہا ئوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبک سفیر کے ذریعے صدرشوکت مرزیوئیف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور گزشتہ ماہ تاشقند کے دورے کے دوران ان کے اور پاکستانی وفد کی مہمان نوازی کیلئے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔شہباز شریف نے کہا تاشقند سے واپسی پر متعلقہ شعبوں کے وزرا کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ دورے کے دوران ہوئے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت کو 2 بلین ڈالر تک بڑھانے کیلئے کام کرنے کیلئے ایک روڈ میپ وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس پر دورے کے دوران دونوں رہنمائوں کے مابین اتفاق کیا گیا تھا۔اس موقع پر ازبک سفیر نے کہا صدر مرزیوئیف نے رواں برس کے آخر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی وزیر اعظم کی دعوت قبول کر لی ہے۔